5 اپریل 2013
وقت اشاعت: 17:19
فیصل آباد:ہسپتال سے اغوا ہونیوالے بچے کے لواحقین کا احتجاج
آج نیوز - فیصل آباد میں ڈی ایچ کیو ہسپتال سے ایک سال قبل اغوا ہونے والے ڈیڑھ سالہ بچے کے لواحقین نے احتجا جی مظاہرہ کیا، پولیس نے مغوی بچے کے والدین اور رشتہ دار خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا اور حراست میں لے لیا۔فیصل آباد میں جڑانوالہ روڈ پر واقع ایک سو نو ر ب کے رہائشی محمد ظفر کے ڈیڑھ سالہ بیٹے کو گزشتہ سال سول ہسپتال سے اغوا کرلیا گیا تھا ،جس پر لواحقین نے متعدد بارپولیس کے خلاف احتجاج کیا مگر کوئی پیش رفت نا ہوسکی، آج جب مغوی بچے کے والدین اور علاقہ مکین آر،پی،او آفس کے سامنے احتجاج کر رہے تھے تو پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کردیا،خواتین پولیس نے بچے کی والدہ اور خاتون رشتہ دار کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور حراست میں لے لیا ،لواحقین کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر درج ہونے کے باوجود پولیس نے ملزمان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی،اور آج انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔