5 اپریل 2013
وقت اشاعت: 19:38
لاہور ہائیکورٹ:ریٹرننگ افسروں کے سوالات پر فیصلہ محفوظ
آج نیوز - لاہور ہائیکورٹ نے ریٹرننگ افسروں کے سوالات کے بارے میں فیصلہ محفوظ کر لیا، جسٹس منصور علی شاہ نے اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ امیدواروں سے دعائیں سننا اور بیویوں کی تعداد پوچھنا عدلیہ کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔لاہور ہائیکورٹ میں انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں پر آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ کے اطلاق کی درخواست پر سماعت کے دوران جسٹس منصور علی شاہ نے ریٹرننگ افسروں کی طرف سے امیدواروں سے غیر ضروری سوالات کا سخت نوٹس لیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ ریٹرننگ افسروں کو کاغذات نامزدگی سے متعلق اور آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ کے سوا کوئی سوال نہیں کرنا چاہیئے۔ جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ امیدواروں سے دعائیں سننا اور بیویوں کی تعداد پوچھنا عدلیہ کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کمرہ عدالت میں ٹی وی کیمرے لے جانے کو بھی عدلیہ کے تقدس کے منافی قرار دیا۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔