5 اپریل 2013
وقت اشاعت: 19:38
پیسہ جنون کو شکست نہیں دے سکتا،عمران خان
آج نیوز - پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پیسے لگا کر الیکشن خریدنے کا وقت گذر چکا ہے، آئندہ پانچ ہفتوں میں پاکستان بدلنے والا ہے، چالیس فیصد ٹکٹ پینتیس سال سے کم عمر نوجوانوں کو دیں گے۔لاہور میں تبدیلی رضاکار کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ماضی میں پیسہ لگا کر الیکشن خرید لیا جاتا تھا لیکن اب پیسہ جنون کو شکست نہیں دے سکتا، رضا کار کسی کو دھاندلی نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف باریاں لگائی جا رہی ہیں تو دوسری طرف نوجوان نئے پاکستان کا فیصلہ کر چکے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ اگر ملک کا سب سے کرپٹ شخص، صدر مملکت بنا ہے تو اسکے ذمہ دار عوام ہیں جو اس بار سوچ سمجھ کر ووٹ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سالہ دور میں لوگوں کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے، پاکستانی شہری ایک لٹر پٹرول پر پینتیس روپے ٹیکس دیتا ہے، انصاف کا نظام لا کر سب کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔عمران خان نے کہا کہ نوجوان لیپ ٹاپ ضرور لیں کیونکہ یہ عوام کے پیسے سے خریدے گئے ہیں مگر اس سے کسی کا ضمیر نہیں خریدا جا سکتا۔ انکا کہنا تھا کہ چالیس سال پہلے لوگ دبئی سے کراچی آتے تھے، اب یہاں سے بھاگ کر دبئی جاتے ہیں، پاکستان کی عزت اور ساکھ کو بحال کریں گے۔