6 اپریل 2013
وقت اشاعت: 9:24
ملک بھر سے 23 ہزار 555 امیدواروں کے کاغذات موصول
آج نیوز - ملک بھر سے موصول ہونے والے کاغذات نامزدگی کی تعداد تئیس ہزار پانچ سو پچپن ہو گئی، سترہ ہزار ایک سو دس کاغذات نامزدگی کی ابتدائی جانچ پڑتال مکمل کر لی گئی، سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد کہتے ہیں کسی امیدوار کے کاغذات منظور یا مسترد کرنا ریٹرننگ افسر کا کام ہے، کوئی ادارہ ان کے کام میں مداخلت نہیں کر سکتا۔ الیکشن کمیشن دفترکے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان کا کہنا تھا کہ کمیشن کا مقصد صاف اور شفاف انتخابات منعقد کرانا ہے، معزز ججز ریٹرننگ افسران کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں، انہیں سوالات کے حوالے سے کوئی ہدایات نہیں دے سکتا۔ اشتیاق احمد کا کہنا تھا کہ ریٹرننگ افسران امیدواروں سے آئین کے آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ کے تحت سوالات کررہے ہیں، جن کے مطابق امیدواروں کو اسلام کے بارے بنیادی علم ہونا ضروری ہے، تاہم ریٹرننگ افسران بیویوں سے متعلق سوال نہیں کر سکتے۔ اشتیاق احمد نے بتایا کہ ایچ ای سی نے پینتالیس سابق پارلیمنٹرینز کی ڈگریاں کلیئر کر دی ہیں،پارلیمنٹیرینز کو آج رات بارہ بجے تک اپنی ڈگریاں کلیئر کرانا ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کو تئیس ہزار پانچ سو پچپن کاغذات نامزدگی موصول ہوئے جن میں سے سترہ ہزار ایک سو دس کاغذات نامزدگی ابتدائی جانچ پڑتال کے بعد ریٹرننگ افسران کو بھیجوا دیئے گئے ہیں۔ قومی اسمبلی کیلئے موصول ہونے والے کاغذات کی تعدار سات ہزار ایک سو نواسی جبکہ صوبائی اسمبلیوں کیلئے سولہ ہزار تین سو چھیاسٹھ امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ نادرا نے تئیس ہزار دوسو ستائیس امیدواروں سے متعلق معلومات فراہم کر دی ہیں۔ ایف بی آر نے بیس ہزار سات سواکسٹھ، نیب نے انیس ہزار چار سو ایک کاغذات واپس بھجوا دیئے ہیں، اسی طرح اسٹیٹ بینک نے اکیس ہزار ایک سو سولہ کاغذات سے متعلق معلومات فراہم کی ہیں۔