6 اپریل 2013
وقت اشاعت: 9:39
شفاف انتخابات میں رکاوٹ برداشت نہیں کرینگے، وزیراطلاعات
آج نیوز - نگران وفاقی کابینہ نے آئندہ عام انتخابات کیلئے پلان آف ایکشن تیار کر لیا، سیاستدانوں اور ووٹروں کو مکمل تحفظ دینے کا فیصلہ، وزیر اطلاعات ونشریات عارف نظامی کہتے ہیں کہ ملک میں شفاف انتخابات کے راستے میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی، الیکشن کے دوران بجلی کی تنصیبات پر حملوں کا خطرہ ہے۔ اسلام آباد میں نگران کابینہ کے پہلے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات عارف نظامی نے بتایا کہ کابینہ نے بجلی تنصیبات کی حفاظت کیلئے مربوط کوششوں پر اتفاق کیا ہے تاکہ توانائی کے شعبے کو نقصان پہنچا کر انتخابات کے التواء کے خدشے کا سدباب کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری افسروں کا تبادلہ ، وزیر اعظم کا اختیار ہے، میرا یقین کامل ہے کہ الیکشن ضرور ہوں گے۔ عارف نظامی نے بتایا کہ سیکرٹری خزانہ اور ایف بی آر نے معاشی صورتحال پر نگران کابینہ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم دوبارہ تفصیلی بریفنگ لے کر معیشت کی بہتری کیلئے اہم فیصلے کریں گے۔ وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ اگر کابینہ کے کسی ممبر کی شہرت اچھی نہیں تو وزیر اعظم نوٹس لیں گے، امن و امان کے لیے صوبائی حکومتوں سے مربوط رابطہ ہے،جمہوری عمل کے لیے اقدامات کریں گے۔