6 اپریل 2013
وقت اشاعت: 12:9
انتخابات میں پیپلز پارٹی کو بدترین شکست ہوگی، پیرپگارا
آج نیوز - فنگشنل لیگ کے سربراہ پیر پگارا کہتے ہیں کہ الیکشن میں نوٹوں کی بوریاں کھولنے کے باوجود پیپلز پارٹی کو بدترین شکست کا سامنا ہوگاجبکہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی گڑھی خدا بخش میں سو رہی ہے،ملک میں زرداری لیگ سرگرم ہے۔ راجہ ہاوٴس کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء شاہ محمود قریشی نے پیر پگارا سے تفصیلی ملاقات کی۔ پیرپگارا نے عمر کوٹ اور تھرپارکرسے انہیں مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ پیرپگارا کا کہنا تھا اس الیکشن میں نوٹوں کی بوریاں کھلیں گی، رکشے اور موٹر سائیکل بانٹے جائیں گے لیکن باضمیرعوام لالچ میں نہیں آئیں گے۔ پیپلز پارٹی کی پانچ سالہ خراب کارکردگی نے ان کے نمائندوں کو منہ چھپانے پر مجبور کردیا ہے۔ اس وقت عملی طور پر سندھ میں پیپلز پارٹی کی ہی حکومت قائم ہے۔ کسی بیورو کریٹ یا اعلی افسران کے تبادلے نہیں کئے گئے۔ اس موقع پرشاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان سنگین خطرات میں گھرا ہوا ہے، میرے نزدیک پیپلز پارٹی گڑھی خدابخش میں سورہی ہے۔ پہلی بار گڑھی خدا بخش میں ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کا پروگرام منسوخ کیا گیا، اس سے زرداری لیگ کی کارکردگی صاف ظاہر ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تمام قومی ادارے تباہ کردیئے گئے، اب محب وطن قوتوں کو مل بیٹھنا ہوگا۔