6 اپریل 2013
وقت اشاعت: 18:9
موبائل فونز پر سیلز ٹیکس میں اضافے کا ایس آر او مسترد
آج نیوز - ملک بھر کی الیکٹرونک ڈیلرز ایسوسی ایشنز نے موبائل فونز سیٹ پر سیلز ٹیکس میں اضافے کا ایس آر او مسترد کر دیا، ایسوسی ایشنز حکام کا کہنا ہے فیصلہ واپس نہ لیا تو کاروبار مکمل بند کردیا جائے گا۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے موبائل فون سیٹ کی درآمد پر سیلز ٹیکس میں اضافے کے ایس آر او کے خلاف کراچی میں الیکٹرونک ڈیلرز نے احتجاج کیا۔کراچی پریس کلب میں کراچی الیکٹرونک ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد ادریس نے ہنگامی پریس کانفرنس میں کہا کہ نئے ایس آر او سے نہ صرف کاروبار شدید متاثر ہوگا، بلکہ اسمگلنگ کو بھی فروغ ملے گا۔ اس موقع پر ملک بھر سے الیکٹرونک ڈیلرز نے ٹیلیفونک خطاب میں ایس آر او کو مسترد کیا اور کراچی الیکٹرونک ڈیلرز کا ساتھ دینے کا اعلان کیا۔ محمد ادریس کا کہنا تھا کہ ایس آر او واپس نہ لیا گیا تو کراچی سے پشاور تک کاروبار بند کردیا جائے گا۔کراچی چیمبر کے صدر ہارون اگر کا کہنا تھا کہ اس سے قبل بھی ایف بی آر نے کئی متنازع ایس آر اوز جاری کئے، جنھیں کراچی چیمبر سمیت تمام صنعتکاروں نے مسترد کردیا۔ ان کا کہنا تھا ایف بی آر کے ایس آر اوز کاروبار دشمن ہیں، جن سے ایماندار ٹیکس دہندگان کو نقصان جبکہ بے ایمان عناصر کو فائدہ ہوگا۔