7 اپریل 2013
وقت اشاعت: 12:3
کراچی اسٹاک میں اس ہفتے زبردست تیزی رہی
آج نیوز - کراچی اسٹاک مارکیٹ میں اس ہفتے زبردست تیزی دیکھی گئی، ہنڈرڈ انڈیکس اٹھارہ ہزار چھ سو کی حد عبور کر گیا اور کاروباری سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوا۔ کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آغاز سے ہی کاروباری سرگرمیاں تیز رہیں، ملکی سیاسی صورتحال میں مثبت پیش رفت، بلیو چپ کمپنیوں کی جانب سے اچھے مالی نتائج، بہتر معاشی اعدادو شمار اور مختلف سیکٹر کے حوالے ست خبروں پر سرمایہ کاروں کی کاروبار میں دلچسپی رہی۔ مارکیٹ میں خریداری کے باعث انڈیکس میں بھی تیزی کا رجحان دیکھاگیا اور مالیاتی خسارے میں اضافے اور ذرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کی خبروں پر مارکیٹ میں خاطر خواہ ردعمل نہیں دیکھا گیا۔ اس طرح ہفتے کے اختتام پر کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس پانچ سو ترانوے پوائنٹس بڑھ کر اٹھارہ ہزار چھ سو چھتیس پوائنٹس پر بند ہوا۔ مارکیٹ کے اوسط یومیہ کاروباری حجم میں انتالیس فیصد اضافہ ہوا ، اور یہ اکیس کروڑ شیئرز رہا۔ ساتھ ہی مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ چوالیس ارب چھیاسٹھ کروڑ ڈالر سے بڑھ کر چھیالیس ارب انیس کروڑ ڈالرز پر پہنچ گیا۔ اس ہفتے کیمیکلز اور بینکنگ سیکٹر میں کاروباری سرگرمیاں نمایاں رہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ رزلٹ سیزن جاری ہے، ساتھ ہی ملکی سیاسی سطح پر بھی انتخابات تک ہلچل جاری رہے گی، جو کہ آئندہ دنوں میں مارکیٹ سینٹی مینٹ پر مسلسل اثر انداز رہے گی۔