7 اپریل 2013
وقت اشاعت: 16:46
ملک میں بجلی کا شارٹ فال چھ ہزار میگاواٹ سے تجاوز
آج نیوز - ملک میں بجلی کا شارٹ فال چھ ہزار میگا واٹ سے تجاوز کر گیاہے، لاہور سمیت پنجاب بھر میں روزانہ بارہ سے اٹھارہ گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، کاروبار تباہ جبکہ شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ترجمان واپڈا کے مطابق ملک میں بجلی کا شارٹ چھ ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا ہے جبکہ ملک میں بجلی کی طلب تیرہ ہزار میگاواٹ ہے،جس کے باعث لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ ہو گیا ہے۔لاہور میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بارہ سے چودہ گھنٹے تک جا پہنچا ہے،شہر کے بیشتر علاقوں میں ہر گھنٹے بعد غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہریوں کو مختلف مسائل کا سامنا ہے۔بجلی کی طویل بندش کے باعث شہر کے بیشتر علاقوں میں پانی کی بھی شدید قلت ہے۔ملتان،اوکاڑہ،ساہیوال،مظفر گڑھ،بہاولپور،بہاولنگر،ڈیرہ رحیم یار خان،ڈیرہ غازی خان،میانوالی،فیصل آباد،سیالکوٹ،گجرات،حافظ آباد اور گوجرانوالہ میں سولہ سے اٹھارہ گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی معمولات زندگی درھم برھم اور کاروباری سرگرمیاں مفلوج کر دی ہے۔