8 اپریل 2013
وقت اشاعت: 13:53
افغانستان :نیٹو طیاروں کی بمباری سے 11 بچے جاں بحق
آج نیوز - افغانستان کے صوبے کنٹر میں نیٹو طیاروں کی بمباری سے گیارہ بچے جاں بحق ہوگئے، افغان حکومت نے نیٹو کی کارروائی پر احتجاج کیا ہے۔ افغانستان کے مشرقی صوبے کنڑ میں نیٹو فورسز اور افغان فوج کے مشترکہ آپریشن کے دوران نیٹو کی فضائی بمباری سے گیارہ بچے ہلاک ہوگئے تھے۔ آپریشن میں شامل افغان فوج کے کمانڈر کا کہنا ہے کہ اتحادی فوج مزاحمت کاروں کے حملے کی زد میں تھی جس کے نتیجے میں ایک امریکی فوجی ہلاک اور متعدد افغان فوجی زخمی ہوئے۔ اس دوران نیٹو فورسز نے مزاحمت کاروں کے مشتبہ ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے باعث بچوں کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا۔ دوسری جانب افغان صدر حامد کرزئی کے دفتر سے جاری بیان میں ایساف کے فضائی حملے میں بچوں کی ہلاکت کی مذمت کی گئی ہے۔ افغان صدر نے طالبان کی جانب سے خواتین اور بچوں کو ڈھال بنانے کے عمل کی بھی مذمت کی ہے۔