8 اپریل 2013
وقت اشاعت: 16:43
سیل فونز پر نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا،ایف بی آر
آج نیوز - ایف بی آر نے وضاحت کی ہے کہ سیل فونز پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا، معاملے کو غلط انداز میں پیش کیا گیا، پہلے موبائل ایکٹیویشن پر ٹیکس تھا، جو اب درآمد پر لیا جا رہا ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریوینیو کے مطابق سال دو ہزار ایک میں سیل فون کی ایکٹیویشن پر دو ہزار روپے فکسڈ سیلز ٹیکس عائد کیا گیا تھا، جسے سیلولر کمپنیز کی درخواست پر دو ہزار آٹھ میں فی سیل فون پانچ سو روپے، اور پھر مزید گھٹا کر ڈھائی سو روپے کر دیا گیا۔ ایف بی آر کے حکام کا کہنا ہے کہ سیل فونز پر ٹیکس کلیکشن مکینزم سی ڈی ایم اے ٹیکنالوجی کے تحت موبائل فون کی ایکٹیویشن پر لاگو تھا ،تاہم اب پاکستان بھر میں تمام موبائل فونز سی ڈی ایم اے کی جگہ جی ایس ایم ٹیکنا لوجی رکھتے ہیں ، اور ان فونز کو ایکٹیویشن کے لئے صرف سم کارڈ درکار ہے ، ایسے میں پہلے سے ایکٹیویٹڈ سیل فونز کی درآمد سے ٹیکس وصولی میں خاطر خواہ کمی دیکھی جارہی ہے ، جبکہ موبائل فونز کی درآمد اور قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے ، ایف بی آر کا کہنا ہے کہ سیل فونز پر سیلز ٹیکس کی وصولی ، ایکٹیویشن اسٹیج کے بجائے امپورٹ اسٹیج پر حاصل کرنے کے لئے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے ، سیلز ٹیکس کی مستند شرح سولہ فیصد ہے ، اس کے باوجود سیلز ٹیکس فی سیل فون پانچ سو سے ایک ہزار روپے تک محدود رکھا گیا ہے۔