8 اپریل 2013
وقت اشاعت: 17:33
گلوکار اسد امانت علی خان کو دنیا سے گزرے 6 برس بیت گئے
آج نیوز - پٹیالہ گھرانے سے تعلق رکھنے والے معروف کلاسیکل گلوکار اسد امانت علی خان کو دنیا سے گزرے چھ برس بیت گئے، ان کی سحر انگیز آواز صدیوں تک کانوں میں رس گھولتی رہے گی۔ استاد امانت علی خان کے صاحبزادے اسد امانت علی خان کو اپنے والد کی وفات کے بعد انشا جی کی لکھی اور استاد امانت کی گائی غزل سے اولین شناخت اور مقبولیت حاصل ہوئی،جس کے بعد انہوں نے موسیقی کی ہر صنف میں طبع آزمائی کی اور شہرت حاصل کی۔اسد امانت نے اپنی گلوکاری کی ابتدا ریڈیو پاکستان لاہور سے کی اور پھر ٹیلی ویژن پر متعدد محافل موسیقی میں شرکت کرنے کے علاوہ ملک اور بیرون ملک اپنی آواز کا جادو جگایا۔انہوں نے فلموں میں بھی گلوکاری کے جوہر دکھائے ،خوبصورت آواز کے مالک اسد امانت علی خان آج سے چھ برس پہلے لندن میں ہارٹ اٹیک سے انتقال کر گئے تھے مگر ان کی آواز اب بھی کانوں میں رس گھولتی ہے۔