تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
8 اپریل 2013
وقت اشاعت: 18:18

لاہور ہائیکورٹ:آرٹیکل 62 اور63 عملدرآمد کیس کی سماعت

آج نیوز - لاہور ہائیکورٹ نے آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ عملدرآمد کیس کی سماعت کرتے ہوئے صوبائی الیکشن کمیشن سے کاغذات نامزدگی کا مکمل ریکارڈ کل طلب کرلیا۔جسٹس منصور علی شاہ نے قراد دیا کہ پابندی کے باوجود تبادلے اور ترقیاتی فنڈز جاری کئے جا رہے ہیں،ہر معاملہ عدالت کے کندھوں پر رکھ کر نہ چلایا جائے۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس منصور علی شاہ نے آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ پر عملدرآمد کیس کی سماعت کی،عدالت نے کہا کہ الیکشن کمیشن بتائے کہ کتنے کاغذات نامزدگی جمع ہوئے ہیں،کتنے منظور اور کتنے نامنظور ہوئے ہیں،ایف بی آر نے اس حوالے کیا قانونی معاونت کی ہے،بائیس جنوری سے سولہ مارچ تک کتنا پیسہ خرچ ہوا ہے،اور کس کس مد میں رقم خرچ کی گئی ہے۔درخواست گزار اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ تمام سابق ممبران اسمبلی کے پاس ایک ہزار سی سی سے کم گاڑی نہیں ہے اور ہزار سی سی گاڑی رکھنے والے تمام افراد ٹیکس کے زمرے میں آتے ہیں۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن کمیشن نوٹیفکیشن جاری کرکے بیٹھ گیا ہے،وہ اپنے آئینی اختیارات استعمال کیوں نہیں کر رہا۔عدالت نے قرار دیا کہ پابندی کے باوجود تبادلے ہو رہے ہیں،ترقیاتی فنڈز جاری کئے جارہے ہیں،ہر معاملہ عدالت کے کندھوں پر نہ رکھ کر چلایا جائے،عدالت نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.