9 اپریل 2013
وقت اشاعت: 9:17
سندھ: میٹرک کے امتحانات میں طلباء کو نقل کیلئے کھلی چھٹی
آج نیوز - ٹھٹھہ، لاڑکانہ، سکھر، حیدرآباد، نواب شاہ اور سندھ کے دیگر شہروں میں میٹرک کے امتحانات میں انتظامیہ نے نقل کرنے والوں کو کھلی چھٹی دے دی۔ ٹھٹھہ میں دسویں جماعت کے امتحانات کا آج انگریزی ٹو کا پیپر تھا، ٹھٹھہ کے علاقوں مکلی، میرپور بٹھورو، ساکرو، گھارو، دھابیجی کے امتحانی مراکز میں طالب علم نقل میں مصروف رہے جبکہ انتظامیہ خاموش رہی۔ لاڑکانہ میں میٹرک کے سالانہ امتحانات میں آج دسویں جماعت کا آسان اردو کا پرچہ تھا۔ فوٹو اسٹیٹ کی دکانوں پر امتحانی پیپر کے جوابات ایک سو روپے میں فروخت کیے گیے جب کے امتحانی سینٹروں کے اندر بھی کھلے عام نقل جاری رہی۔ سکھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نے طالب علموں کو شدید مشکلات سے دوچار کیا، کمرہ امتحانات میں روشنی کم ہونے کے باعث طالب علم پریشانی سے دوچار ہیں۔ حیدرآباد ڈویڑن کے نو اضلاع میں آج دسویں جماعت کا انگریزی کا پرچہ لیا گیا۔ تعلیمی بورڈ کے مطابق امتحانات میں ایک لاکھہ تیرہ ہزار نو سو پچاسی طلباء و طالبات حصہ لے رہے ہیں، انتظامیہ کی طرف سے نقل کی روک تھام کے لئے کئے گئے اقدامات دھرے کے دھرے رہ گئے۔ انگلش کے پرچے کے دوران مختلف امتحانی سینٹرز میں طلباء موبائل فون کے ذریعے نقل کرتے رہے۔ نواب شاہ میں بھی طالب علموں کو نقل سے روکنے والا کوئی نہ تھا، امتحانی مراکز کے ارد گرد فوٹو اسٹیٹ کی دکانیں نہ صرف کھلی ہوئی ہیں ان پر طالب علموں کے رشتہ داروں اور دوست احباب کا رش لگا ہوا ہے۔