9 اپریل 2013
وقت اشاعت: 9:34
ڈیپوٹیشن پر کام کرنیوالے افسران کو انکے محکموں میں بھیجنے کی ہدایت
آج نیوز - سپریم کورٹ نے سندھ کے مختلف محکموں میں ڈیپوٹیشن پر کام کرنے والے ایک سو پچپن افسران کو آج تک ان کے اصل محکموں میں واپس بھیجنے کی ہدایت کردی۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس سرمد جلال عثمانی اور جسٹس امیر ہانی مسلم پر مشتمل بینچ نے ڈیپوٹیشن اور شولڈر پروموشن کیس کی سماعت کی۔ سما عت کے موقع پر سیکریٹری سروسز نصیر جمالی نے عدالت کو بتایا کہ ایک سو پچپن افسران ڈیپوٹیشن پر مختلف محکموں میں تعینات ہیں۔ جس پر عدالت نے ہدایت کی کہ ان تمام افسران کو ان کے محکموں میں منگل تک واپس بھیجا جائے، ورنہ چیف سیکریٹری کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ آرڈیننس کے بعد نا اہل ہونے والے افسران کو کس طرح واپس لایا گیا اس کی وضاحت کی جائے۔ عدالت نے کہا کہ سندھ بھر میں سول سروسز کا جو حال ہے وہ پورے ملک میں کہیں نہیں۔ لوگوں کو جیل میں ڈالنا شروع کردیا جائے تو سب ٹھیک ہوجائے گا۔