9 اپریل 2013
وقت اشاعت: 10:13
شفاف، غیرجانبدار انتخابات ذمہ داری ہے، وزیراعلیٰ سندھ
آج نیوز - نگران وزیر اعلی سندھ جسٹس ریٹائرڈ زاہد قربان علوی کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کی اولین ذمہ داری صاف ،شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد ہے۔ نگران وزیر اعلی سندھ زاہد قربان علوی نے وزیر اعلی ہاوٴس کراچی میں اٹھانویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے وفد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری سندھ راجہ محمد عباس، آئی جی پولیس سندھ شاہد ندیم بلوچ اور کمشنر کراچی ہاشم رضا زیدی بھی موجود تھے۔ نگران وزیراعلی نے کہا کہ حکومت کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے،اس ضمن میں سول سوسائٹی کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کی اولین ذمہ داری صاف، شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کا انعقاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے پر امن انعقاد کے لئے امن و امان کا قیام ناگزیر ہے۔ جس کے لئے پولیس اور رینجرز کو فری ہینڈ دے دیا گیا ہے۔ اس سے پہلے کراچی میں متعین امریکی قونصل جنرل مائیکل ڈوڈمین نے نگران وزیر اعلی سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امورسمیت کراچی میں امن و امان پر بات چیت کی گئی۔