9 اپریل 2013
وقت اشاعت: 10:38
بلند اخراجات و محصولات میں کمی، معیشت شدید دباؤ کا شکار
آج نیوز - وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ بلند اخراجات اور محصولات میں کمی کی وجہ سے معیشت شدید دباؤ کا شکار ہے۔ نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو کو ملکی معاشی صورتحال اور مالیاتی مسائل پر سکریٹری فنانس ناصر کھوسہ اور گورنر اسٹیٹ بینک یاسین انور سمیت دیگر حکام نے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزارت خزانہ نے بتایا کہ حکومتی اخراجات گزشتہ پانچ سال میں بے تحاشہ بڑھ چکے ہیں، تنخواہوں کا بل جو پانچ سال قبل تک ایک سو اسی ارب روپے تھا، دوگنا بڑھ کر تین سو چالیس ارب روپے تک پہنچ گیا، ساتھ ہی سبسڈی کا حجم بیس کھرب روپے تک جا پہنچا۔ وزارت خزانہ کے حکام نے ساڑھے نو فیصد جی ڈی پی میں ٹیکسوں کے تناسب پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ رواں مالی سال ریوینیو شارٹ فال دو سو ارب روپے رہنے کا خدشہ ہے، جس کے مالیاتی خسارے پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے اور خسارے کو پورا کرنے کے لئے حکومت کو کہیں زیادہ قرضے لینا پڑیں گے۔