9 اپریل 2013
وقت اشاعت: 11:14
بجلی کا بحران شدید، طویل لوڈشیڈنگ سے عوام کا جینا دوبھر
آج نیوز - لاہور سمیت پنجاب میں بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا ، شہروں میں چودہ سے اٹھارہ گھنٹے اور دیہات میں بیس گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام کا جینا دوبھر ہوگیا،بجلی کی بندش کیخلاف حافظ آباد میں وکلاء نے عدالتوں کا بائیکاٹ کردیا۔ صوبائی دالحکومت لاہور میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بارہ سے سولہ گھنٹے تک جا پہنچا۔ندرون لاہور، گوالمنڈی، ٹھوکر نیاز بیگ، مزنگ، گلشن راوی، ساندہ، سمن آباد اور اچھرہ،ٹاؤن شپ سمیت شہر کے کئی علاقوں میں ہر گھنٹے بعد دو سے تین گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ علامہ اقبال ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، سبزہ زار، ماڈل ٹاؤن، گلبرگ کے علاقوں میں ہر گھنٹے بعد بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔بجلی کی طویل بندش کے باعث شہر کے بیشتر علاقوں میں پانی کی قلت کے باعث لوگوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔سیالکوٹ، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بارہ سے چودہ گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کے معمولات زندگی درہم برہم اور کاروباری سرگرمیاں مفلوج کر دی ہیں۔ ایمن آباد، لدے والا وڑائچ، قلعہ دیدار سنگھ، سمندری سمیت صوبے بھر کے دیہی علاقوں میں بیس گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے۔ شیخوپورہ، ملتان، ساہیوال، ساہیوال، سرگودھا، مظفرگڑھ، حافظ آباد، گجرات، جھنگ، ملکوال، بھکر، میانوالی، رحیم یار خان، اوکاڑہ اور بہاولپور سمیت صوبے بھر میں بجلی کی طویل بندش کے باعث شہریوں کے معمولات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ حافظ آباد میں لوڈشیڈنگ کے باعث سینکڑوں پاور لومز بند ہونے سے ہزاروں مزدور بیروزگار ہوگئے ہیں، جبکہ بجلی کی بندش کیخلاف ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کردیا ہے۔