9 اپریل 2013
وقت اشاعت: 12:3
جعلی ڈگری کیس: رضوان گل نے گرفتاری دیدی
آج نیوز - جعلی ڈگری کیس میں سزا یافتہ مسلم لیگ ن کے مفرور اور نااہل ممبر پنجاب اسمبلی رضوان گل نے گرفتاری دے دی ہے، پولیس نے کمرہ عدالت سے رضوان گل کو حراست میں لے کر جیل منتقل کردیا ہے۔ سرگودھا میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالستار نے تین اپریل کو جعلی ڈگری کیس کے فیصلہ میں رضوان گل کو مجموعی طور پر نو سال قید اور پندرہ ہزار روپے جرمانہ کا حکم سنایا تھا، فیصلہ سنتے ہی رضوان گل کمرہ عدالت سے فرار ہوگیا تھا۔ پولیس نے نااہل ممبر پنجاب اسمبلی کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے، لیکن ناکام رہی۔ آج اچانک رضوان گل نے مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت کے ہمراہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں پیش ہوکر گرفتاری دے دی، پولیس نے عدالتی حکم پر نااہل ایم پی اے کو ڈسٹرکٹ جیل منتقل کردیا ہے۔