9 اپریل 2013
وقت اشاعت: 16:37
رواں سیزن کے لئے گندم کی خریداری شروع
آج نیوز - محکمہ خوراک سندھ نے رواں سیزن کے لئے گندم کی خریداری شروع کردی، سرکا ری خریداری میں تاخیر سے کاشتکاروں کو دو ارب روپے سے زائد نقصان ہوگیا۔محکمہ خوراک سندھ کی جانب سے رواں فصل کی گندم کی خریداری شروع کردی گئی۔ جس کے لئے تین سو نواسی خریداری کے مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ سابق وزیر اعلی سندھ نے یکم اپریل دوہزار تیرہ سے خریداری کا شیڈول بنایا تھا۔ جس پر انتظامات مکمل نہ ہونے کی وجہ سے عمل نہیں کیا جاسکا۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطابق محکمہ خوراک گندم کی خریداری سرکاری قیمت تیس روپے فی کلو کے حساب سے کرے گا۔ مجموعی خریداری کا ہدف تیرہ لاکھ ٹن مقرر کیا گیا ہے۔ واضع رہے حکومت نے گندم کی امدادی قیمت ڈیڑھ سو روپے اضافے سے بارہ سو روپے فی من مقرر کی تھی۔ زرائع کے مطابق سندھ میں گندم کی مجموعی پیداوار دس سے بارہ لاکھ ٹن اضافے سے بیالیس سے چوالیس لاکھ ٹن متوقع ہے۔ گزشتہ سال گندم کی پیداوار بتیس لاکھ ٹن رہی تھی۔ ادھر اجناس مارکیت زرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں محکمہ خوارک کی جانب سے گندم کی بروقت خریداری شروع نہ ہونے سے کاشتکاروں نے نو سو سے ایک ہزار روپے فی من گندم مارکیٹ میں فروخت کی۔ جس سے انہیں دو ارب روپے سے زیادہ نقصان ہوا۔