9 اپریل 2013
وقت اشاعت: 17:34
لاہور:الیکشن ٹربیونلز،امیدواروں کی 3 اپیلیں منظور
آج نیوز - لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونلز نے کاغذات نامزدگی سے متعلق ریٹرننگ افسروں کے فیصلوں کے خلاف تین اپیلیں منظور،سترہ مسترد اور دو پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے دو الیکشن ٹربیونلز نے کاغذات نامزدگی سے متعلق ریٹرننگ افسروں کے فیصلوں کے خلاف چھتیس اپیلوں کی سماعت کی۔۔ہائیکورٹ کے جسٹس ناصر سعید شیخ کی سربراہی میں دو رکنی الیکشن ٹربیونل نے حلقہ پی پی اکانوے سے اظہر محمود، پی پی بانوے سے محمد نواز چوہان اور پی پی ایک سو سینتیس سے عبداللہ خان کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے جبکہ این اے ایک سو چھیاسٹھ سے پروفیسر محمد مظفر،این اے ایک سو چھ سے عظمٰی شوکت،این اے ایک سو ترانوے سے ملک غضنفر سمیت سترہ اپیلوں پر ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کو برقرار رکھا اور دو اپیلوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا جبکہ چودہ اپیلوں پر نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید سماعت گیارہ اور تیرہ اپریل تک ملتوی کر دیں۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء علیم خان کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف بھی اپیل دائر کر دی گئی ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے امتیاز صفدر وڑائچ نے بھی اپنے کاغذات مسترد کئے جانے کے خلاف اپیل دائر کی ہے۔آئی بی کے سابق سربراہ اعجاز شاہ کے کاغزات نامزدگی نامنظور کیے جانے کے خلاف دائر درخواست واپس لے لی گئی،امیدواروں کی جانب سے دس اپریل تک اپیلیں دائر کی جا سکیں گی جبکہ الیکشن ٹربیونل سترہ اپریل تک دائر اپیلوں پر فیصلے سنائیں گے۔