9 اپریل 2013
وقت اشاعت: 18:48
حفیظ اور مصباح کی باہمی اختلافات کی تردید
آج نیوز - قومی ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان محمد حفیظ نے ایک بار پھر باہمی اختلافات کی خبروں کو مسترد کر دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ سابق چیئرمین پی سی بی کو سازشوں سے اجتناب کرنا چاہیئے۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران مصباح الحق اور محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کے بعد اختلافات کی جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلائی گئیں، جس کا سلسلہ ابھی تک نہیں تھم سکا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ پروٹیز کی جانب سے انہیں آوٴٹ کلاس کرنا ایک حقیقت ہے، جسے قوم اور میڈیا کو تسلیم کر لینا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ آپس میں دوست ہیں اور پوری ٹیم متحد ہے، جہاں تک کپتانی کی بات ہے تو یہ اختیار چیئرمین کا ہے وہ جسے چاہیں کپتان مقرر کریں۔مصباح الحق نے کہا کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھ کر بہترین کمبی نیشن تیار کیا جائے گا، چیمپیئنز ٹرافی میں بہتر کارکردگی دکھا کر قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے۔