11 اپریل 2013
وقت اشاعت: 9:4
نئے پاسپورٹ کی تیاری کا عمل تعطل کا شکار، شہری خوار
آج نیوز - ملک بھر میں نئے پاسپورٹ کی تیاری کا عمل تعطل کا شکار ہونے سے عمرہ کے خواہش مند افراد سخت اذیت میں مبتلا ہیں، نوجوانوں کہتے ہیں پاسپورٹ نہ بننے سے بیرون ملک ملازمتوں کے مواقع ہاتھ سے نکل رہے ہیں۔ کراچی پاسپورٹ آفس میں سیکڑوں افراد نئے پاسپورٹ کی تیاری اور حصول کے لئے آئے ہیں، ان میں سے بیشتر شہری عمرہ کی ادائیگی کے خواہش مند ہیں، لیکن شدید گرمی میں گھنٹوں قطاروں میں لگنے کے نتیجے میں وقت اور پیسہ برباد ہونے کے بعد دہائیاں دینے پر مجبور ہیں۔ بیشتر نوجوانوں کا کہنا ہے کہ ملک میں تو روزگار کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں، اگر نوکری کے لئے ملک سے باہر جانا چاہیں تو پاسپورٹ کی عدم موجودگی میں ایسا ممکن نہیں۔ پاسپورٹ کے خواہشمند بعض افراد ایسے بھی تھے جو بیرون ملک مقیم اپنے رشتے داروں سے ملنا چاہتے ہیں، لیکن انتظامیہ کی غفلت کے باعث وہ صرف ایسا سوچ ہی سکتے ہیں۔ پاسپورٹ آفس میں سہولتوں کی عدم دستیابی اپنی جگہ، شہریوں کا کہنا تھا پینے کا صاف پانی اور چھاوٴں نہ بھی ملے، کوئی پروا نہیں، لیکن پاسپورٹ تو بروقت مل جائے۔