11 اپریل 2013
وقت اشاعت: 16:4
راجہ پرویز اشرف کے کاغذات مسترد کرنے کیخلاف اپیل منظور
آج نیوز - سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیل سماعت کیلئے منظور،مسلم لیگ کے مرکزی رہنماء چوہدری نثار علی خان کے حلقہ این اے تریپن اور پی پی سیون سے کاغذات نامزدگی منظور،الیکشن ٹربیونل نے پی پی تینتیس سے امیدوار اسلم مڈھیانہ کی اپیل سننے سے معذرت کر لی ہے۔راولپنڈی میں قائم جسٹس روٴف شیخ اور جسٹس مامون الرشید پر مشتمل الیکشن ٹربیونل کاغذات نامزدگی منظوراورمسترد ہونے کے خلاف درخواستوں کی سماعت کررہا ہے،الیکشن ٹریبونل نے این اے اکیاون سے پیپلزپارٹی کے امیدوار سابق وزیراعظم راجہ پرویزاشرف کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیل سماعت کیلئے منظورکرتے ہوئے ، ریٹرنگ افسر کو نوٹس جاری کردیئے ہیں،سماعت پیر کو ہوگی ،ٹریبونل نے پی پی تینتیس سے امیدواراسلم مڈھیانہ کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل کی سماعت سے معذرت کرتے ہوئے درخواست الیکشن کمیٹی کو بھجوادی ہے ،این اے اڑتالیس اسلام آباد سے پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کی اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا ہے،این اے تریپن اور باون اور پی پی سات سے چوہدری نثار علی خان کے کاغذات مسترد اور منظور ہونے کیخلاف اپیلیں خارج کرتے ہوئے ان کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے ہیں،الیکشن ٹربیونل میں مقررہ تاریخ کے آخری روزتک ایک سو انتیس اپیلیں دائر کی گئیں جن میں سے سترہ اپیلوں پر فیصلہ سنا دیا گیا ،الیکشن ٹربیونل سترہ اپریل تک اپیلوں کی سماعت جاری رکھے گا۔