تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
11 اپریل 2013
وقت اشاعت: 16:24

لاہور:کاغذات مسترد اور منظور ہونے کیخلاف سماعت جاری

آج نیوز - کاغذات نامزدگی مسترد اور منظور ہونے کیخلاف اپیلوں کی سماعت چوتھے روز بھی جاری ہے،جسٹس خواجہ امتیاز کی سربراہی میں قائم الیکشن ٹربیونل نے نواز شریف، شہباز شریف اور عمران خان کیخلاف رٹ پٹیشنز کی سماعت سے انکار کر دیا۔انتخابی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور اور مسترد ہونے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں قائم الیکشن ٹربیونل میں اپیلوں کی سماعت کیلئے دو بنچ قائم ہیں اور اب تک ایک سو سینتیس اپیلیں سماعت کیلئے منظور کی گئی ہیں۔ جسٹس خواجہ امتیاز نے این اے ایک سو بیس سے نواز شریف، پی پی ایک سو اکسٹھ سے شہباز شریف اور این اے ایک سو بائیس سے عمران خان کے خلاف دائر پٹیشن کی سماعت کرنے سے انکار کر دیا۔ جسٹس خواجہ امتیاز نے کہا کہ وہ نیب کے خلاف میاں برادران کے حق میں فیصلہ دے چکے ہیں، اس لئے مناسب نہیں کہ وہ اس کیس کی سماعت کریں جبکہ عمران خان کے خلاف دائر پٹیشن کی سماعت ذاتی وجوہات کی بنا پر نہیں کرنا چاہتا۔ تینوں پٹیشنز مزید سماعت کے لئے الیکشن ٹربیونل ون کو ارسال کر دی گئیں۔ ٹربیونل ون کے جسٹس شاہد وحید نے سابق وزیر لیاقت بھٹی کی رٹ پٹیشن کی سماعت یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ وہ ان کے خلاف جعلی ڈگری کیس میں وکیل تھے۔ ٹربیونل نے پرویز مشرف، مسلم لیگ نون کے رہنماء خواجہ آصف، مسلم لیگ قاف کی امیدوار سیمل کامران، ثمینہ خاور حیات اور مسلم لیگ ہم خیال کی رہنماء کشمالہ طارق کی درخو استوں پر نوٹس جاری کر دیئے۔ ٹربیونل نے آئی بی کے سابق سربراہ اعجاز شاہ کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف دائر درخواست مسترد کر دی۔ الیکشن ٹربیونل کل بھی اپیلوں کی سماعت جاری رکھے گا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.