12 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 14:54
اراضی فراڈ کیس : مجسٹریٹ کی عدم گرفتاری پررپورٹ عدالت میں جمع کرادی گئی
جیو نیوز - اسلام آباد… ایف آئی اے نے اراضی فراڈ کیس میں 15 لاکھ روپے رشوت لینے کے الزام پر ایف آئی آر میں نامزدمجسٹریٹ کی عدم گرفتاری پر ابتدائی رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کراتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کے لئے دو دن کی مہلت طلب کر لی ہے۔ عدالت نے 16 ستمبر کو حتمی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے لینڈ فراڈ کیس میں ملزم آصف جاویدکی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ڈپٹی اٹارنی جنرل طارق محمود جہانگیری نے عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم نے گزشتہ روز عدالت سے ایک دن کی مہلت طلب کی مگرضمانت کروائے بغیر ہی رات کی فلائٹ سے حج پر روانہ ہو گیا جو عدالت کے ساتھ دھوکہ ہے،ایسا ملزم ضمانت کا حقدار نہیں۔ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر حضرت علی نے مجسٹریٹ ملک فرخ ندیم کی عدم گرفتاری پر ابتدائی رپورٹ پیش کی جس کے مطابق مجسٹریٹ کو گرفتار کرنے کیلئے چھاپہ ماراگیالیکن وہ نہ ملا۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو مجسٹریٹ کا پتہ بتانے کے لیے خط لکھا مگر جواب نہ ملا ۔