12 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 18:24
اسلام آباد: ترنول میں نوجوان اور 2 پولیس اہلکار قتل، مقدمات درج
جیو نیوز - اسلام آباد … وفاقی دارالحکومت سے 30 کلو میٹر دور علاقے ڈورہ میں 3 روز قبل 2 پولیس اہلکاروں کو سر کچل کر ہلاک کردیا گیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، 2 مقدمات بھی درج کرلئے۔ منگل کے روز تھانہ ترنول کے علاقے ڈورہ میں پولیس کی فائرنگ سے ایک نوجوان ہلاک ہو گیا تھا جس کے بعد مشتعل علاقہ مکینوں نے 2 پولیس اہلکاروں کو تشدد کر کے ہلاک کرد یا تھا۔ مشتعل افراد نے 2 پولیس اہلکاروں کو سر پر اینٹیں مار مار کر ہلاک کیا۔ پولیس کا موٴقف ہے کہ دونوں اہلکار علاقے میں منشیات فروشوں کی معلومات حاصل کرنے گئے تھے جبکہ اہل علاقہ نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس اہلکار ڈکیتی کی نیت سے آئے تھے۔ پولیس نے واقعہ گذر جانے کے تیسرے دن بعد تحقیقات کا آغاز کیا۔ علاقہ ایس پی جمیل ہاشمی نے جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ترنول واقعے سے متعلق عدالت سے 11 افراد کو وارنٹ گرفتاری حاصل کئے گئے ہیں اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے سے متعلق 2 ایف آئی آ ر کا اندراج کیا گیا ہے، ایک ایف آ ئی آر نوجوان کے قتل سے متعلق اور دوسری پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی ہے۔