12 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 19:44
صدرممنون سے نیشنل گارڈز بحرین کے کمانڈر کی ملاقات
جیو نیوز - اسلا م آباد…صدرمملکت ممنون حسین سے نیشنل گارڈز بحرین کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ ، سعودی عرب کے سفیر عبدالعزیز ابراہیم الغدیراور گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ بحرین کے نیشنل گارڈز کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ نے صدر سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ بحرین کے سفیر محمد ابراہیم بھی اس موقع پر موجود تھے۔ شیخ محمد بن عیسی ٰنے ممنون حسین کو صدر بننے پر مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ ان کے دور میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ صدر ممنون حسین نے بحرین کے شاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا۔سعودی عرب کے سفیرعبدالعزیز ابراہیم الغدیر نے صدر سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور مسلم امہ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا اور ممنون حسین کو صدربننے پر مبارکباد پیش کی۔ صدر نے سعودی سفیر کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے صدر سے ملاقات کے دوران بلوچستان میں امن و امان سمیت مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور صدر بننے پر مبارک باد پیش کی۔