تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
13 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 12:41

کراچی میں رینجرز کو تفتیش اور پراسیکیوشن کے اختیارات دینے پر غور

جیو نیوز - کراچی…حکومت سندھ رینجرز کی تجاویز پر کراچی کے پانچوں اضلاع کے تھانوں میں رینجرز کے لئے تفتیشی اور پراسیکیوشن کے معاملات کے لئے پولیس کی مدد سے نظام بنانے پر غور کررہی ہے۔آئندہ ایک دو روز میں وزیراعلیٰ اس کی منظوری دے سکتے ہیں۔پاکستان رینجرز سندھ کی جانب سے کراچی میں امن وامان کے کنٹرول کے لیے مزید اختیارات طلب کئے گئے ہیں۔قانون میں رینجرز کا تفتیشی کردار اور تربیت نہ ہونے کے باعث مستقل طور پر یہ اختیارات رینجرز کو نہیں دیئے جاسکتے۔صوبائی حکومت مختلف تجاویزپر غور کررہی ہے اور حتمی منظوری وزیراعلیٰ سندھ دیں گے۔ان تجاویزمیں کراچی کے پانچوں اضلاع میں پولیس کے تعاون سے رینجرز کا سیٹ اپ قائم کرنے کی تجویز پر غور کیا جارہا ہے۔رینجرز کو شہر کے پانچوں اضلاع کے ایک ،ایک منتخب تھانے میں تفتیش کے لئے پولیس کے تین انسپکٹر اور خصوصی پراسیکیوٹر فراہم کئے جائیں گے۔رینجرز سے تفتیشی اور آپریشنل معاملات کے لئے موثر رابطہ سازی کے لئے ایس پی سطح کا آفیسر ٹارگٹڈ آپریشن کے دورانیے تک کوآرڈینیشن آفیسر مقررکیا جائے گا اور پولیس کے یہ افسران رینجرز حکام سے مشاورت کے بغیر تبدیل نہیں کئے جاسکیں گے۔پانچوں اضلاع کے جن مخصوص تھانوں میں یہ سیٹ اپ قائم کیا جائے گا وہاں کا ایس ایچ او تبدیل کرنے کے لئے بھی رینجرز حکام سے مشاورت کی جائے گی۔ مخصوص تھانے اپنی حدود میں جرائم کے ذمہ دار تو ہوں گے ہی لیکن رینجرز کے سیٹ اپ میں پورے ضلع کے لئے تفتیشی مرکز بھی ہوں گے۔حکومت سندھ کی جانب سے اس سلسلے میں سمری وزیراعلیٰ سندھ کو منظوری کیلئے بھیج دی گئی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.