14 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 16:34
نئے صوبوں کے قیام کیلئے کمیشن تشکیل دے رہے ہیں، احسن اقبال
جیو نیوز - ڈیرہ غازی خان … وفاقی وزیر برائے پلاننگ کمیشن اینڈ ڈیولپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سمیت نئے صوبوں کے قیام کیلئے کمیشن تشکیل دے رہے ہیں، کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں بلکہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہورہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار احسن اقبال نے ڈیرہ غازی خان میں کچھی کینال کے منصوبے کے معائنے کے بعد میڈیا سے گفت گو کر تے ہوئے کیا ۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کراچی میں بد امنی پر وفاقی حکومت خاموشی تماشائی نہیں بنے گی۔ اْن کا مزید کہناتھا کہ کچھی کینال کا منصوبہ نواز شریف کے سابقہ دور میں شروع کیا گیا تھا، 15 سال گزر جانے کے باوجود بھی مکمل نہ ہوسکا، موجودہ حکومت اس کو 2 سال میں مکمل کرکے بلوچستان کی اراضی کو سیراب کرے گی۔ احسن اقبال کا کہناتھا کہ کچھی کینال کا عملہ غفلت اور بد عنوانی کا مرتکب پایا گیا ہے، ذمے داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔