15 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 17:42
کراچی:پولیس اوررینجرزکے ٹارگٹڈ آپریشنز،31ملزمان گرفتار
جیو نیوز - کراچی …کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران سیاسی کارکنوں ، کالعدم تحریک طالبان کے رکن اور لیاری کے گینگسٹرز سمیت 31ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ کئی ملزمان بھتا خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں، کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشنزکا سلسلہ جاری ہے،اتوار کو پولیس اور رینجرز نے 14مختلف مقامات پر کارروائیاں کرکے کالعدم تحریک طالبان کے رکن ، ٹارگٹ کلرزاور بھتا خوروں سمیت 31 ملزمان کو حراست میں لے کربڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق نیو کراچی،محمود آباد، بلوچ کالونی، بھینس کالونی، گلشن معمار، حسن مجتبیٰ ٹاوٴن ، کورنگی سو کوارٹرز، جوہر موڑ، سرجانی ٹاوٴن اوریوسف گوٹھ میں ٹارگٹڈ آپریشن کرکے ٹارگٹ کلرز، بھتا خور وں سمیت 14 ملزمان کوحراست میں لیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتارافراد کا تعلق سیاسی جماعتوں اور لیاری کے گینگسٹرز سے ہے،جوٹارگٹ کلنگ اور بھتا خور ی میں ملوث ہیں۔اِدھر گلشن اقبال کے مختلف علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا۔ ایس پی مقدس حیدرکے مطابق آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے رکن سمیت 14ملزمان کو گرفتارلیاگیا۔دوسری جانب لیاری کے علاقے بغدادی میں پولیس نے تین مختلف کارروائیوں کے دوران اسمگل شدہ تمباکو نوشی کے سامان سے لدا ایک ٹرک قبضے میں لے لیا پولیس نے ٹرک میں سوارخاتون سمیت دو افراد گرفتار کرلیا،پولیس کے مطابق دوران تفتیش خاتون اور مرد نے ڈیفنس کلفٹن سمیت دیگر علاقوں میں وارداتوں کا بھی انکشاف کیا ہے۔پولیس اوررینجرزکی جانب سے11 ستمبرسے اب تک مجموعی طور پر175ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔11ستمبرکو34 ،12ستمبرکو 73 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ 13ستمبرکو 05 ، 14ستمبر کو 32 جبکہ 15 ستمبرکو31ملزمان گرفتار کیے گئے۔