تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
16 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 17:3

پاکستانی وسطی ایشیائی ملکوں سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی خریدیگا، معاہدے پر دستخط

جیو نیوز - اسلام آباد … پاکستان آئندہ 2 سے 3 سالوں تک وسطی ایشیائی ملکوں سے ایک ہزار میگا واٹ بجلی درآمد کرے گا، کاسا ون 1000 منصوبے پر عمل درآمد کیلئے تاجکستان، کرغزستان، افغانستان اور پاکستان نے قرار داد پر دستخط کردیئے ہیں۔ تاجکستان، کرغزستان، افغانستان اور پاکستان کے وزرائے توانائی پر مشتمل کاسا منصوبے کی بین الحکومتی کونسل کااجلاس اسلام آبادمیں ہوا، جس میں کاسا ون 1000 منصوبے پر عمل درآمد کی قرار داد پر دستخط کئے گئے۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ منصوبے کیلئے عالمی بینک سمیت دیگر عالمی مالیاتی ادارے اور امریکا بھی مدد کریگا۔ قرار داد پر دستخط کے بعد یہ منصوبہ حقیقت بن گیا ہے، 2 سے 3 سالوں میں ٹرانسمیشن لائن مکمل ہو جائے گی، پاکستان کو گرمیوں کے پیک سیزن میں ایک ہزار میگاواٹ بجلی ملا کرے گی۔ افغانستان کے وزیر توانائی الحاج محمد اسماعیل کا کہنا تھا کہ منصوبہ سیاسی اہمیت کا بھی حامل ہے، یہ منصوبہ نہ صرف اقتصادی لحاظ سے بڑا اہم ہے بلکہ اس کی سیاسی اہمیت بھی ہے ،چاروں ممالک کا تعاون بڑھے گا، ان ممالک کو قریب لائے گا۔ کاسا ون 1000 منصوبے کے تحت تاجکستان اور کرغزستان 1300 میگاواٹ بجلی برآمد کریں گے، پاکستان کو ایک ہزار جبکہ افغانستان کو 300 میگا واٹ بجلی ملے گی۔ منصوبے پر لاگت کا کل تخمینہ ایک ارب ڈالرز ہے جبکہ پاکستان کو صرف 20کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری درکار ہو گی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.