19 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 20:45
غیرمعیاری ادویات، پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء جمع
جیو نیوز - لاہور…مسلم لیگ ق نے ڈبلیو ایچ او کی پنجاب میں غیر معیاری سپرے کے استعمال سے متعلق رپورٹ پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کرا دی۔ پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار عامر سلطان چیمہ، سردارآصف نکئی اور جائدہ خان کی جانب سے جمع کرائی گئی ۔تحریک میں کہا گیا کہ غیر معیاری اسپرے اور ادویات کی وجہ سے سیکڑوں قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں ۔گزشتہ سال جعلی ڈینگی اسپرے کی خریداری کا اسکینڈل بھی دبا دیا گیا اور ساڑھے چار سو کے قریب شہری لقمہ اجل بنے۔ پی آئی سی جعلی ادویات کے باعث بھی ڈیڑھ سو کے قریب مریض چل بسے جبکہ جعلی اسپرے کے باعث ملیریا، خسرہ،جلد اورسانس کی بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کی جانب سے جاری رپورٹ میں ان اسکینڈلز کی نشاندہی کی گئی۔