19 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 20:45
عابد علی کا قتل سکیورٹی ادارو ں کے منہ پر طمانچہ ہے ، علامہ صادق
جیو نیوز - کراچی …مسجد اقصہ محمودآباد میں شہید کارکن عابد علی کی نماز جنازہ کے اجتماع سے خطاب کر تے ہو ئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ صادق رضا تقوی کا کہنا تھا کہ کراچی کو دہشت گردی سے پاک کر نے کے لئے صوبائی حکومت کی زیر نگرانی جاری ٹارگٹڈ آپریشن عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے ، اگر یہ آپریشن موثر ہو تا تو روز کراچی میں بارہ پندرہ بے گناہ شہری لقمہ اجل نہ بنتے ، شہید عابد علی کے قتل میں امریکی نواز کالعدم دہشت گرد ملوث ہے ، لیکن اس کیذمہ داری نااہل ایجنسیوں پر بھی عائد ہو تی ہے کہ جو مبینہ طور پر دہشت گردوں کی پشت پناہی میں مصروف ہیں ، اگر حکومت قیام امن میں اتنی ہی سنجیدہ ہے ، تو اب تک ایک بھی گرفتار دہشت گرد کو پھانسی کیوں نہیں چڑھایا گیا ؟انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات اور اعلانات صرف میڈیا کا پیٹ بھر نے کے لئے ہیں۔علامہ دیدار علی جلبانی کا کہنا تھا کہ حکومت اور دہشت گردوں سے مذاکرات کا ایک اور تحفہ ہمیں عابد علی کی لاش کی صورت میں مل گیا ہے ، بے مقصد مذاکرات ملک کو مزید لاشیں ہی دیں گے ، عوام اپنے دفاع کے لئے خود ہی کمر کس لیں۔بعد ازاں شہید عابد علیکی تدفین وادی حسین قبرستان میں ہوئی ، اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء حسن ہاشمی ، رضا نقوی ،ناصر حسینی علامہ،مبشر حسن ،میثم عابدی اور شبیر حسینی بھی موجود تھے ۔جبکہ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے شہید عابد علی کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔