20 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 20:39
اسلامی نظریاتی کونسل کی سربراہی تمام مکاتب کو دیجا ئے ،حامد موسوی
جیو نیوز - اسلام ا ٓباد…سرپرست اعلیٰ سپریم شیعہ علماء بورڈ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شا ہ موسوی نے کہا ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل کو سیاست کی بھینٹ چڑھانے کیلئے نظریاتی کونسل کو اجتہاد کونسل بنا دیا گیا ہے، کیااس کے اراکین درجہ اجتہاد پر فائز ہیں ؟اگر توہین رسالت کا جرم ثابت نہ ہونے پردرخواست گزار سزائے موت کا مستوجب قرارپائے گا تو دہشت گردی کے مقدمات میں کمزور شہادتوں کی بنا پر دہشت گردوں کی بریت اور رہائی پر مقدمات دائر کرنے والوں کیلئے مفتیان نظریاتی کونسل کیا فتویٰ دیں گے؟ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو سپریم شیعہ علماء بورڈ کے عہدیداران سے المرتضیٰ اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا۔اسلامی نظریاتی کونسل کے حالیہ اجلاس کے فیصلوں پر اپنے رد عمل کاا ظہار کرتے ہوئے آقای موسوی نے سوال کیا کہ کونسل کے کتنے ارکان درجہ اجتہاد پر فائز ہیں ؟انہوں نے واضح کیا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کے قیام کا مقصد یہ تھا کہ وہ اسلامی معاشرے کے قیام سے متعلق نہ صرف سفارشات مرتب کرے بلکہ مروجہ قوانین کو اسلامی سانچے میں ڈھالنے کا فریضہ بھی سر انجام دے ۔ارکان کے تقرری کے وقت اس بات کا خیال رکھا جائے کہ تمام مکاتب فکر کو نمائندگی حاصل ہو ۔انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کا چیئرمین تو ویسے ہی سیاسی بنیادوں پر ایک مخصوص مکتب کا چلا آرہا ہے جبکہ ایک آدھ کے علاوہ باقی تمام ارکان ہر حکومت اپنے من پسند افراد کوسیاسی مصلحتوں کے تحت شامل کرتی ہے۔انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی کہ وہ فوری از خود نوٹس لے کر اس بات کی تحقیقات کریں کہ موجودہ ارکان اسلامی نظریاتی کونسل میں مجتہد مطلق اور مجتہد متجزی کتنے ہیں ؟نیز یہ ارکان آئین اوراسلامی نظریاتی کونسل کی شرائط اہلیت پر پورا اترتے ہیں ؟بصورت دیگر فوری ایکشن لیا جائے ۔