20 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 20:39
کراچی میں دہشت گردوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے ، علامہ مختار
جیو نیوز - کراچی…سندھ حکومت کی تین ماہ کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے ، ٹارگٹڈ آپریشن سے وہ نتائج حاصل نہیں ہو ئے جس کی عوام کو توقع تھی ،لانڈھی کورنگی لیاری اور اورنگی ٹاؤن کی طرح دہشت گردوں کی جنت بن چکا ہے، اگرشہر میں نقص امن کی صورت حال اسی طرح برقرار رہی تو آئندہ حال سکیورٹی اداروں کے بس سے بھی باہر ہونگے ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مختار احمد امامی، علامہ صادق رضا تقوی،مولامحمد حسین کریمی،مولانا منور نقوی،، حسن ہاشمی،سلمان حسینی،ناصر حسینی سمیت دیگر رہنماؤں نے گزشتہ روز امام بارگاہ سجادیہ لانڈھی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جمعہ اجتماعات کے بعد احتجاجی مظاہروں سے خطاب میں کیا۔مظاہرے سے خطاب میں علامہ مختار امامی کا کہنا تھا کہ مجید کالونی کے سجادیہ امام بارگاہ پر کریکر حملہ محرم الحرام سے قبل نیک شکون نہیں ہے ،لانڈھی کے مختلف علاقوں فیوچر کالونی ، بلال کالونی ، عوامی کالونی ،بھینس کالونی، شاہ لطیف ٹاؤن وغیرہ میں کالعدم جماعتوں کی دہشت گرد کاروائیوں میں کئی بیگناہ شہری لقمہ اجل بن چکے ہیں، صوبائی حکومت ، خفیہ ایجنسیاں اور سکیورٹی ادارے اپنی ذمہ داریوں کوسنجیدگی سے انجام دیں ، ورنہ شہر کسی بڑی دہشت گرد کاروائی کا متحمل نہیں ہو سکتا ، علامہ صادق رضا توی کا کہنا تھا کہ ایک طرف تو شہر کراچی میں وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے سکیورٹی ادارے دہشت گردوں کے خلاف گزشتہ ۲۰ روز سے آپریشن کررہے ہیں تو دوسری جانب شہر قائد میں بدستور کالعدم تکفیری دہشت گردوں کی جانب سے ٹارگٹ کلنگ و بم دھماکوں کی صورت میں شیعہ نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے۔