7 اپریل 2014
وقت اشاعت: 8:17
پنجاب کے بیشتر مقامات پر بارش اور اولے پڑنے سے موسم خوشگوار
جیو نیوز - لاہور…پنجاب کے بیشتر مقامات پر بارش اور اولے پڑنے سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے،بالائی علاقوں میں کہیں کہیں بارش اور برفباری جاری ہے،ادھر چارسدہ میں بارش سے مکان کی چھت گرنے سے دو افراد جاں بحق اور چار افراد زخمی ہوگئے۔ چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے دو واقعات پیش آئے ، جس میں ملبے میں دب کر 13 سالہ لڑکی سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ 2 بچوں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہے، چیچہ وطنی ،ساہیوال شہر اور گردونواح میں وقفہ وقفہ سے بارش جاری ہے،حافظ آباد میں بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری سے بچے خوب لطف اندوز ہوئے۔بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں مطلع صاف ہے،سندھ میں روز بروز گرمی کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے۔دوسری جانب گلگت بلتستان میں دیامر ، چلاس اوراستور میں بارش اور بالائی پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ 3 دن سے جاری ہے ، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخواہ، اسلام آباد ، بالائی پنجاب، کشمیر اور گلگت میں کہیں کہیں گرج چمک اور تیز ہواوٴں کے ساتھ بارش کاامکان ہے۔ملک میں سب زیادہ گرمی چھور ، مٹھی ، حیدر آباد اور نواب شاہ میں پڑی جہاں درجہ حرارت 39 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔