8 اپریل 2014
وقت اشاعت: 17:35
سبی: مسافر ٹرین میں دھماکا، جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 16ہوگئی
جیو نیوز - سبی…سبی ریلوے اسٹیشن پر جعفر ایکسپریس میں دھماکے سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد سولہ ہوگئی ہے،ان میں چار بچے اور تین خواتین شامل ہیں، چالیس سے زائد زخمیوں میں سے 19کی حالت نازک ہے، کالعدم یونائیٹڈ بلوچ آرمی نے دھماکے کی ذمے داری قبول کرلی ہے۔بلوچستان کو ایک مرتبہ پھر بدترین دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔ اس مرتبہ ہدف تھی کوئٹہ سے راول پنڈی جانے والی جعفرایکسپریس جو شیڈول سے10منٹ پہلے سبی ریلوے اسٹیشن پہنچی۔ ریلوے انتظامیہ نے ابھی ٹرین کی سکیورٹی کلیرنس شروع نہیں کی تھی کہ ایک بوگی میں زوردار دھماکا ہوگیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا خیز مواد بوگی کے واش روم میں رکھا گیا تھا۔ دھماکے کے ساتھ بوگی میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی اور ریلوے اسٹیشن پر خوف و ہراس پھیل گیا۔ زیادہ تر ہلاکتیں آگ سے جھلسنے کے باعث ہوئیں۔زخمیوں کو سی ایم ایچ سبی اور کوئٹہ میں طبی امداد دی جارہی ہے۔ دھماکے سے جعفرایکسپریس کی مزید 3بوگیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ ریسکیو ٹیمیں موقع پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ دھماکے کا نشانہ بننے والی ٹرین کو ٹریک سے ہٹا کر ریلوے ٹریفک بحال کردی گئی ہے۔دھماکے کے مقام کو ایف سی اور پولیس کے اہلکاروں نے گھیرے میں لے رکھا ہے۔