تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
9 اپریل 2014
وقت اشاعت: 23:4

دھماکا خیز مواد چیک کرنے والے اسکینر بے کار نکلے، چوہدری نثار کا انکشاف

جیو نیوز - اسلام آباد…وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے انکشاف کیا ہے کہ دھماکا خیز مواد چیک کرنے کے لیے ایک ارب روپے کے اسکینر منگوائے تھے سب بے کار نکلے، اسکینرز کے لیے پیسے چین نے دیے تھے۔ سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے مطالبہ کیا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان اس معاملے پر تحقیقاتی کمیشن قائم کریں۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ پولیس سبزی منڈی آنے والا ہر ٹرک چیک نہیں کر سکتی،گزشتہ دور حکومت میں ایک ارب روپے کے 4 اسیکنرز خریدے گئے، مگر آئے صرف دو اور وہ بھی بے کار نکلے۔ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کہتے ہیں کہ حالات بدل رہے ہیں، دھماکے کرنے والے اب ایسی کارروائیوں کی مذمت کررہے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے سبزی منڈی میں دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ پورے پاکستان سے تقریبا ً 300 سے زائد مال بردار گاڑیاں سبزی منڈی آتی ہیں، پولیس کے لیے انفرادی طور پر سب کو چیک کرنا ممکن نہیں۔ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے، گزشتہ دور میں 100 کروڑ کے عوض 4 اسکینرز لیے گئے، قمیت تو ادا کر دی قرض لے کر لیکن دو اسکینرز تو پہنچے ہی نہیں اور جو دو اسکینرز آئے وہ بارود کو ڈیٹکٹ نہیں کر سکتے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے اس واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں، ابھی کسی بھی گروپ کی نشاندہی کرنا قبل از وقت ہو گا۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا مزید کہنا ہے کہ دو تحقیقات ہوں گی، ایک اسلام آباد کے حوالے سے دوسری اس جگہ کے حوالے سے جہاں سے فروٹ آیا، سمجھ نہیں آتی انہیں نیند کیسے آتی ہو گی اور ان کا مقصد کیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے پمز میں زخمیوں کی عیادت کی۔ ان کا کہنا ہے کہ طالبان نے دھماکے کی مذمت اور اس سے لاتعلقی ظاہر کی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کہتے ہیں کہ وزیر اعظم سے دوران سفر مسلسل رابطے میں رہے، ہر قسم کی معلومات حاصل کرکے ہدایات جاری کرتے رہے، جن گروہ کا نام لے کر ایسے واقعات کیے جاتے تھے، انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ ان کا اس سے تعلق نہیں، حالات بدل گئے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے بھی پمز میں زخمیوں کی عیادت کی۔ ان کا کہنا ہے کہ دعووٴں کے باوجود اسلام آباد انتظامیہ شہریوں کو سیکیورٹی دینے میں ناکام رہی۔ ایم کیو ایم کے طاہر مشہدی کہتے ہیں کہ حکومت سیکیورٹی نہ دے سکی تو فوج کو آگے آنا ہوگا۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے عزم ظاہر کیا ہے کہ سبزی منڈی دھماکے کی تحقیقات کرکے دہشت گردوں کو کٹہرے میں لائیں گے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.