10 اپریل 2014
وقت اشاعت: 0:9
جئے سندھ متحدہ محاذ کی اپیل پر سندھ کے مختلف شہروں میں ہڑتال
جیو نیوز - حیدرآباد…جئے سندھ متحدہ محاذ کی اپیل پرقوم پرست رہنما مقصود قریشی کے قتل اور تحفظ پاکستان آرڈیننس کے خلاف سندھ کے مختلف شہروں میں ہڑتال کی گئی۔حیدر آباد میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔جئے سندھ متحدہ محاذ کی اپیل پر سندھ میں کہیں جزوی تو کہیں مکمل ہڑتال کی گئی۔ حیدر آباد کے علاقے قاسم آباد میں جزوی ہڑتال رہی، ہیر آباد میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا۔ جام شورو شہر کے مرکزی بازار میں کریکر دھماکے سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ شہرمیں کاروباری مراکز بند رہے جبکہ مہران یونیورسٹی جام شورو میں آج ہونے والا پرچہ ملتوی کردیا گیا۔ لاڑکانہ، نواب شاہ، گھوٹکی میں بھی جزوی ہڑتال رہی۔ بدین، دادو، خیرپور اور ٹنڈو محمد خان میں بازار بند رہے۔ نوشہروفیروز میں جزوی جبکہ کنڈیارو اور محراب پور میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم رہا۔