10 اپریل 2014
وقت اشاعت: 10:22
کراچی:گلشن اقبال میں فائرنگ،ن لیگ لائرز فورم کا عہدیدار قتل
جیو نیوز - کراچی…کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں کار پر فائرنگ سے ن لیگ لائرز فورم کے عہدیدار وقار شاہ جاں بحق ہوگئے۔شہر میں ٹارگٹ کلنگ اور فائرنگ کے واقعات میں رات سے اب تک 11 افراد جان گنوا بیٹھے۔پولیس کے مطابق گلشن اقبال بلاک 7 میں چار مسلح ملزمان نے کار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کار میں سوار مسلم لیگ ن لائرز فورم کے عہدیدار وقار شاہ جاں بحق ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں کشید پھیل گئی اور دکانیں اور کاروبار بند ہوگیا۔رات سے اب تک شہر میں فائرنگ کے واقعات میں 11 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ کراچی کے علاقے گلستان جوہربلاک 15میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مدرسے کے3 طالب علم جاں بحق اوردو زخمی ہوئے۔ جاں بحق افرادکی شناخت حیات اللہ اورعلی احمد کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں صورتحال کشیدہ ہوگئی اور مشتعل افراد نے ہوائی فائرنگ کرکے کاروبار اور دکانیں بند کرادیں۔ ترجمان اہلسنت والجماعت کے مطابق جاں بحق اور زخمی افراد اہلسنت والجماعت کے ہمدرد تھے۔ اس سے قبل نامعلوم مسلح افراد نے گلستان جوہر کے علاقے بلاک 16 میں نجی اسپتال کے قریب گاڑی پر فائرنگ کردی جس سے ڈاکٹر حیدر رضا نامی شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ مقتول ڈاکٹر حیدر رضا نجی اسپتال میں سرجن تھے۔ دوسری جانب شاہ فیصل کالونی نمبرچارمیں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کی شناخت عمر فاروقی کے نام سے ہوئی ہے۔ لیاری کے علاقے کھڈا میمن مارکیٹ میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔ سول اسپتال کے قریب ٹمبرمارکیٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ مقتول کی شناخت اقبال شاہ کے نام سے ہوئی ہے۔ نشتر روڈ پرنامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ پرانا حاجی کیمپ اور منگھوپیر پختون آباد میں فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہوگئے۔