11 اپریل 2014
وقت اشاعت: 15:21
سندھ اسمبلی میں اپوزیشن اور حکومتی ارکان میں تلخی کے بعد ہنگامہ آرائی
جیو نیوز - کراچی …سندھ اسمبلی میں آج پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے ارکان میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، قائم مقام اسپیکر نے صورتحال سنبھالنے کی کوشش کی لیکن پھر اجلاس ملتوی کردیا۔سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکرآغا سراج درانی کی زیر صدارت ہوا۔ وقفہ سوالات کے دوران صوبائی وزیر تعلیم نثار کھوڑو نے بتایا کہ گزشتہ پانچ برس کے دوران محکمہ تعلیم میں ہزاروں جعلی بھرتیاں کی گئیں۔ کراچی میں اساتذہ کی 1400 اسامیوں پر چھ ہزار بھرتیاں ہوئیں اور جن افسران کے خلاف کاروائی کی گئی وہ عدالتوں میں چلے گئے۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے رکن خالد احمد نے کہا کہ صوبائی وزیر نے ہزاروں کی تعداد میں جعلی بھرتیوں کا اعتراف کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نااہل افراد کو بھرتی کیا گیا، جس پر نثار کھوڑو نے کہا کہ ہمارے صوبے کے لوگوں کو نااہل نہ کہیں۔ اس پر ایوان میں شور شرابا شروع ہو گیا۔ اس دوران وزیر اطلاعات شرجیل میمن اور ایم کیو ایم کے رکن خواجہ اظہار الحسن کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔اس موقع پر قائم مقام اسپیکر شہلا رضا نے ایوان کی کاروائی دس منٹ کے لئے معطل کر دی۔ جب دوبارہ کاروائی شروع ہوئی تو ایوان کا ماحول تلخ تھا، جس پر قائم مقام اسپیکر نے اسمبلی کا اجلاس پیر کی صبح تک کے لئے ملتوی کر دیا۔