12 اپریل 2014
وقت اشاعت: 10:25
کراچی :ٹارگٹ گلنگ میں تیزی کے بعدپولیس کارروائیاں
جیو نیوز - کراچی…کراچی میں ٹارگٹ گلنگ میں اچانک اضافے کے بعد پولیس کارروائیوں میں تیزی آگئی۔گزشتہ رات شہر کے مختلف علاقوں سے متعدد ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔جبکہ لیاری گینگ وار کا ایک ملزم مقابلے کے بعدمارا گیا۔پٹیل پاڑہ میں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیااور متعدد افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ بھی برآمد کیا،گلشن اقبال بلاک سیون میں پولیس اور ریپڈ رسپانس فورس کی بھاری نفری نے کارروائی کی اورایک رہائشی عمارت میں سرچ آپریشن کے بعد پانچ افراد کو حراست میں لے لیا،اے ایس پی گلشن ڈاکٹر فہد کے مطابق کارروائی گینگ وار کے سہیل ڈاڈا گروپ کے کارندوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی ۔لیاری کے علاقے کلاکوٹ میں پولیس اور رینجرز نے گینگ وار کے ملزمان کی موجود گی اطلاع پر آپریشن کیا، کارروائی میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا، جس کی شناخت ارشد کے نام سے ہوئی ہے، اور اس کا تعلق شیراز کامریڈ گروپ سے بتایا جاتا ہے۔اجمیر نگری میں محمد شاہ قبرستان کے پاس پولیس مقابلے کے بعد پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیاگیا،ڈی ایس پی اجمیر نگری الطاف حسین کے مطابق ملزمان اسٹریٹ کرائمز کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں،اس سے قبل کراچی کے علاقے حسن اسکوائر پر مبینہ پولیس مقابلے میں دو ڈاکو مارے گئے ایس پی گلشن اقبال تنویر تنیو کے مطابق تین ڈاکو گلشن اقبال میں حسن اسکوائر کے قریب گاڑی میں سوار شہری سے لوٹ مار کررہے تھے، اطلاع ملنے پر جب پولیس پارٹی موقع پر پہنچی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی، فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکو موقع پر ہی مارے گئے،دوسری جانب شہر میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ بھی جمعہ کو بھی جاری رہا، کراچی میں مارٹن روڈ پر تین موٹرسائیکلوں پر سوار ملزمان نے ایک گاڑی پر فائرنگ کردی ، فائرنگ کے نتیجے میں وفاقی انشورنس محتسب کے افسراور سینئر وکیل غلام حیدر موقع پر جاں بحق ہوگئے،کراچی بار نے غلام حیدر ایڈووکیٹ کے قتل کے خلاف آج عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔