12 اپریل 2014
وقت اشاعت: 19:13
گورنرخیبرپختونخوا کے نئے گورنر کی حلف برداری کا اعلامیہ جاری
جیو نیوز - پشاور…طویل انتظارکے بعد آخرکارنئے گورنرخیبرپختونخوا کی حلف برداری کا اعلامیہ جاری ہوگیا ہے اورمسلم لیگ نون کی قیادت کا کہنا ہے کہ اس عمل میں تاخیرنامزدگورنرسردارمہتاب احمد خان کی ذاتی مصروفیات کی وجہ سے ہوئی ہے۔ سردارمہتاب احمد کی گورنرخیبرپختونخوا کے طورپرنامزدگی کچھ دن پہلے ہوئی تھی اورسرکاری ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ گورنرہاوس کے سینئرحکام نے آج اسلام آباد میں موجود سردارمہتاب احمد خان کے پاس جاکران سے ملاقات کی اوران کی مرضی سے حلف برداری کے لئے 15 اپریل کی شام پانچ بجے کا وقت مقررکیا گیا۔ نئے گورنرسے پشاورہائی کورٹ کے چیف جسٹس حلف لیں گے۔ اس عمل میں مسلسل تاخیرکی بابت جب مسلم لیگ نون کے صوبائی جنرل سیکرٹری رحمت سلام خٹک سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ گورنرکا حلف نہ اٹھانا کسی اندرونی اختلاف یا ناراضگی کی وجہ سے نہیں بلکہ ان کی ذاتی مصروفیات کی بدولت ہے اورحلف برداری کی یہ تاریخ بھی ان کی مرضی سے مقررکی گئی ہے۔