12 اپریل 2014
وقت اشاعت: 21:22
آرٹیکل 6کے تحت صرف مشرف پر مقدمہ چلانے والے خود مجرم ہیں،الطاف حسین
جیو نیوز - کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کو غدار کہنے والے بتائیں 12 اکتوبر 1999 کو مشرف کا طیارہ اترنے سے پہلے نواز شریف سے اقتدار چھیننے والوں پر آئین کے آرٹیکل 6 کے اطلاق کامطالبہ کیوں نہیں کرتے،مشرف سے پہلے نواز شریف کا اقتدار چھیننے والوں کو الٹا لٹکا یا جائے۔آرٹیکل 6کے تحت صرف مشرف پر مقدمہ چلانے والے خود مجرم ہیں۔ کراچی میں نذیر حسین یونیورسٹی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ پاکستان کی تقسیم کی وجہ تعلیم اور شعور کی کمی تھی۔ معاشرے میں سب کو برابر کی سطح پر عزت ملنی چاہیے۔آئین اور قانون ایک ہونے کے باوجود ایک کو سزا ملتی ہے اور دوسرے کو چھوڑ دیا جاتاہے۔انہوں نے سوال کیا کہ آج آرٹیکل 6 کا اطلاق ایک ہی شخص پر کرنے کی باتیں کی جا رہی ہیں جبکہ اس کی ذیلی شق کے حوالے سے پورا ملک کیوں خاموش ہے۔الطاف حسین نے کہا کہ پاکستان ان کا ملک ہے، اور رہے گا۔ انہوں نے نئے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کیلئے درخواست جمع کرا دی ہے۔ نہ بننے کی صورت میں ان کی قانونی ٹیم سپریم کورٹ سے رجوع کرے گی۔انہوں نے کہا کہ علم کے فقدان کی وجہ سے معاشرے میں جرائم بڑھ رہے ہیں ۔بعض صحافی بھی قلم اور علم کا سودا کرتے ہیں اور سچائی نہیں بتاتے۔ان کا کہنا تھاکہ سیدھی بات کرتا ہوں کسی سے ڈرتا نہیں۔ فوج پر کیچڑاچھالنے والے فوج اور ملک دونوں کے دوست نہیں ہیں۔