12 اپریل 2014
وقت اشاعت: 23:32
لاہور،پولیس پر حملے کے ملزم 9 ماہ کے بچے کا نام مقدمے سے خارج
جیو نیوز - لاہور…عدالت کے حکم پرپولیس پرحملے کے ملزم9ماہ کے بچے کا نام مقدمے سے خارج کر دیاگیا،عدالت نے تفتیشی افسرکوشوکازنوٹس دیاکہ بچے کا نام مقدمے میں کیونکرشامل ہوا، وضاحت کی جائے۔دوسری طرف وکلاء ہڑتال کی وجہ سے پولیس پارٹی پرحملے کے ملزم بچے کے والدین کے حوالے سے کیس پر کارروائی نہ ہو سکی۔لاہورکے رہائشی9 ماہ کے موسیٰ اوراس کے والدین سمیت5افرادپر الزام ہے کہ انہوں نے پولیس پارٹی پراس وقت حملہ کردیا تھا،جب پولیس نے ان کے گھر سوئی گیس ٹیم کے ہمراہ گیس چوری کے الزام میں چھاپا مارا تھا،گزشتہ سماعت پرعدالت نے بچے کی ضمانت منظورکرلی تھی،آج پولیس نے عدالت میں موٴقف اختیار کیاکہ بچے کا نام غلطی سے مقدمے میں درج ہوگیاتھا،جس پر عدالت نے موسیٰ کا نام مقدمے سے خارج کرنے کا حکم دیتے ہوئے تفتیشی افسر کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔ موسٰی کے دادا یٰسین کاکہناتھاکہ اس کے گھرانے کے کسی فردکو کچھ ہوا تو ذمے دار پولیس ہو گی۔ ادھر9ماہ کے موسیٰ کو آج بھی اس کا دادا اور وکیل ہی میڈیا کے سامنے لانے کی کوششوں میں مگن رہے۔جبکہ گیس چوری اور پولیس پارٹی پر حملے کے ملزم بچے کے والدین میڈیا کے سامنے آنے سے گریزاں رہے۔