13 اپریل 2014
وقت اشاعت: 0:53
قائد ایم کیو ایم الطاف حسین کی پاکستانی پاسپورٹ کے لیے درخواست
جیو نیوز - کراچی…اس سے پہلے دی نیوز کے ایڈیٹر انویسٹی گیشن انصارعباسی کی رپورٹ میں جنگ اور دی نیوز میں یہ شائع ہوچکا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے پاکستانی پاسپورٹ کیلئے درخواست دی ہے۔دی نیوز کے ایڈیٹر انویسٹی گیشن انصارعباسی کی رپورٹ کے مطابق ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے پاکستانی پاسپورٹ کیلئے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں درخواست دائر کی ہے۔ ایم کیو ایم کے قائد کے پاس فی الحال برطانوی پاسپورٹ ہے۔ ان کے پاکستانی پاسپورٹ زائد المیعاد ہے جو انہیں 1991میں تقریباً 23برس قبل جاری کیا گیا تھا۔ الطاف حسین کا پاکستانی شناختی کارڈ بھی زائد المیعاد ہوچکا ہے۔1992 میں کراچی میں ایم کیو ایم کے خلاف کریک ڈاؤن کیلئے آپریشن کلین اپ شروع کیے جانے کے ایک ماہ بعد الطاف حسین کراچی سے لندن چلے گئے اور وہاں سیاسی پناہ کی درخواست دائر کی۔ بعد میں انہوں نے برطانوی شہریت کیلئے درخواست دی ، اس کے بعد انہیں برطانوی پاسپورٹ مل گیا۔ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ کیا الطاف حسین برطانوی شہریت ترک کرکے کراچی آنے کیلئے پاکستانی پاسپورٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔