13 اپریل 2014
وقت اشاعت: 2:14
نیوکراچی میں فائرنگ سے جماعت اسلامی کا کارکن جاں بحق ،دوسرا زخمی
جیو نیوز - کراچی…نیوکراچی کے علاقے بلال ٹاوٴن میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔جماعت اسلامی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نیوکراچی بلال ٹاوٴن میں فائرنگ سے جاں بحق او رزخمی افرادجماعت اسلامی کے کارکن ہیں۔ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق شام4:30بجے جماعت اسلامی کے کارکن عبدالرزاق سیکٹر 5J میں اپنے برگر کے ٹھیلے پر موجود تھے کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار دو دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں عبد الرزاق کو تین گولیاں جبکہ جائے وقوع پر موجود جماعت اسلامی کے ایک اور کارکن عمران کو ایک گولی لگی۔ دہشت گرد فائرنگ کر کے باآسانی فرار ہوگئے۔دونوں زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ عبد ارزاق راستے میں ہی دم توڑ گئے جبکہ زخمی عمران کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ عبد الرزاق جماعت اسلامی کے جواں سال سرگرم اور فعال کارکن تھے۔ دریں اثنا ء امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ،امیر ضلع وسطی منعم ظفر خان اورجماعت اسلامی زون نارتھ کراچی کے امیر احمر خان نے سیکٹر فائیو جے میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے جماعت اسلامی کے کارکن عبد الرزاق کی بہیمانہ شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ کی نا اہلی اور قیام امن کیلئے مفاہمانہ پالیسیوں نے پورے شہر کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد آزاد ہیں جبکہ انتظامیہ قیام امن میں ناکام ہوگئی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کوفوری طور پر گرفتار کیا جائے۔