15 اپریل 2014
وقت اشاعت: 2:21
جرگہ:جمالی نے 3خواتین کے قتل کامعاملہ 53لاکھ جرمانہ کرکے نمٹادیا
جیو نیوز - شکارپور…شکارپور اپنی بیوی اور ساس سمیت تین خواتین کے قاتل کو جرگے نے 53لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔ جرگے کی سربراہی سابق وزیراعظم پاکستان میرظفراللہ خان جمالی نے کی۔پارلیمنٹ جہاں قانون بنائے جاتے ہیں، عدالتیں عمل درآمد کراتی ہیں مگر قانون بنانے والے ہی قانون کی دھجیاں بکھیرتے ہیں۔افسوس ناک بات یہ ہے کہ اس جرگے میں قتل کے ملزمان بھی موجود تھے اور پولیس افسران بھی موجود تھے مگر کسی میں اتنی ہمت نہیں ہوئی کہ قانون کی عمل داری کے لیے راست اقدام اٹھا لیتا۔ذرائع کے مطابق 3 سال قبل پٹھان محلہ میں حاملہ خاتون سمیت 3 خواتین کو قتل کیا گیا تھا۔ معاملے کو نمٹانے کیلیے شیخ ہاوٴس میں جرگہ منعقد ہوا۔ جرگے کی قیادت سابق وزیراعظم میرظفراللہ خان جمالی اور پی پی رہنما مقبول احمد شیخ نے کی۔ ملزم عبدالقادرجمالی نے جرگے کے سامنے پیش ہوکر اعتراف جرم کیا۔ ملزم نے جرگہ ممبران کو بتایا کہ اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ ملکر غیرت کے نام پر اپنی بیوی اور ساس سمیت 3 خواتین کو قتل کردیاتھا۔ خواتین کا قتل ثابت ہونے پر جرگہ ممبران نے جمالی برادری کے ملزمان پر 53 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔