15 اپریل 2014
وقت اشاعت: 9:3
مشرف کیخلاف سنگین غداری کیس کی سماعت آج سے دوبارہ شروع ہوگی
جیو نیوز - اسلام آباد… سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت آج سے دوبارہ شروع ہو رہی ہے۔ خصوصی عدالت نیشنل لائبریری کی بجائے اب وفاقی شرعی عدالت کے کمرہ نمبر 6 میں منتقل ہو چکی ہے۔ جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں جسٹس طاہرہ صفدر اور جسٹس یاورعلی خان پر مشتمل خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس کی گزشتہ سماعت 31مارچ کو کی تھی۔ اسی روز پرویز مشرف پر آئین کی پامالی کے 5 جرائم پر فرد جرم عائدکی گئی تھی جب کہ ملزم نے تمام جرائم کی صحت جرم سے انکار کیا تھا۔خصوصی عدالت نے نیشنل لائبریری کے آڈیٹوریم میں تقریباً تین ماہ تک کیس کی سماعت کی تاہم فرد جرم عائد ہونے کے بعد وزارت قانون نے مختلف وجوہات کی بنا پرخصوصی عدالت کی جگہ تبدیل کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا اور اب اس کیس کی سماعت وفاقی شرعی عدالت کے کمرہ نمبر 6 میں ہو گی۔